چنڈی گڑھ،26نومبر(ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا)پنجاب کانگریس کے صدر امرندر سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کو جمعہ کواشتعال انگیزقرار دیا جس میں مودی نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان سے پاکستان جانے والے پانی کی ہر بوند روک دیں گے۔انہوں نے بھٹنڈا میں مودی کی تقریر کے دوران ستلج جمنا لنک (ایس وائی ایل)نہر معاملے پر ان کی مبینہ جان بوجھ کر سادھی گئی خاموشی پر بھی سوال کھڑا کیا۔سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے بیان دے کر مودی انتخابی جملے بازی کر رہے ہیں،خاص طور پر اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ بی جے پی-اکالی اتحاد حکومت نے پنجاب کے پانی کا حق نجی فوائد کے لئے ہریانہ کوبیچ دیا۔پاکستان کے خلاف اس طرح کے اشتعال بیانات کے ذریعے جنگ حالات پیدا کرنے کی کوشش کرنے کا مودی پر الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ مودی پنجاب اور دیگر چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے پہلے سیاسی فائدہ اٹھانے اور دیگر اہم مسائل سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کے مقصد سے جنگ کے آثار پیدا کرنے کے لئے سرحد پر کشیدگی بڑھنے کا بہانہ ڈھونڈ رہے ہیں۔